اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):ترجمان آئیسکو نے کہا ہے کہ بجلی کی موجودہ طلب 766 میگا واٹ جبکہ 810 میگاواٹ کا کوٹہ دستیاب ہے، ضرورت کے مطابق بجلی دستیاب ہے اور کہیں بھی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جا رہی۔آئیسکو ریجن میں بجلی کی ڈیمانڈ سپلائی کی موجودہ صورتحال پر ترجمان آئیسکو نے اے پی پی کو بتایا کہ گزشتہ رات پیک ٹائم میں بھی صارفین کو بجلی کی فراہمی بہتر رہی، پیک ٹائم میں وقت ضرورت ایک گھنٹہ سے دوگھنٹے تک کی لوڈ منیجمنٹ کی گئی، پیک ٹائم میں لوڈ مینجمنٹ آر ایل این جی کی محدود دستیابی اور کم ہائیڈل پیداوار کے باعث نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،
معاشی بنیاد پر کی جانے والی لوڈمینجمنٹ کا پیک ٹائم لوڈ مینجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں، لوڈ مینجمنٹ کا مقصد نظام کو مستحکم رکھنا اور سپلائی و ڈیمانڈ میں توازن قائم رکھنا ہے،سسٹم پر آنے والے فالٹ کے باعٹ بجلی میں آنے والے عارضی تعطل کو لوڈ مینجمنٹ نہ تصور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی فالٹ کی صورت میں فوری طور پر 118 یا متعلقہ آئیسکو دفتر سے رابطہ کریں، آئیسکو کمپلنٹ سٹاف موصول ہونے والی تمام شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کے لئے مکمل طور پر فعال ہے۔