اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):19ویں ایگری ایشیا انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس نے پاکستان کے زرعی شعبے میں جدت، ترقی اور سرمایہ کاری کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا ہے، جہاں جدید زرعی ٹیکنالوجی، اسمارٹ فارمنگ، بائیوٹیکنالوجی اور بین الاقوامی شراکت داریوں نے ملکی زرعی معیشت کے روشن مستقبل کی عکاسی کی۔ ماہرین کے مطابق پاکستان زرعی شعبے میں جدت، سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت کے ذریعے خطے میں اپنی مضبوط اور مستحکم شناخت قائم کر رہا ہے۔
19ویں ایگری ایشیا انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس 2026کا شاندار آغاز لاہور ایکسپو سینٹر میں ہوا، جہاں 400 سے زائد مقامی و بین الاقوامی نمائش کنندگان، 35 ہزار سے زائد تجارتی شرکاء، 3 ہزار سے زائد کسانوں، زرعی ماہرین، سرمایہ کاروں اور تحقیقاتی اداروں نے شرکت کی۔
نمائش میں جدید زرعی مشینری، آٹومیشن، اسمارٹ ایریگیشن سسٹمز، لائیو اسٹاک ٹیکنالوجی اور فوڈ پروسیسنگ کے جدید ماڈلز خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
ایونٹ کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تعاون کے فروغ کے لیے اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن کا مقصد زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی، بیجوں کی بہتری، فوڈ سیکیورٹی اور زرعی تجارت کو فروغ دینا ہے۔
ماہرین نے کہا کہ پاک چین زرعی شراکت داری مستقبل میں زرعی پیداوار اور برآمدات میں نمایاں اضافہ کا سبب بنے گی۔کانفرنس میں زرعی میکانائزیشن، اسمارٹ فارمنگ، بایوٹیکنالوجی، کولڈ چین، لاجسٹکس اور ایگری پروسیسنگ پر خصوصی سیشنز کا انعقاد کیا گیا، جن میں ملکی و غیر ملکی ماہرین نے جدید زرعی رجحانات، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور زرعی برآمدات بڑھانے سے متعلق اہم تجاویز پیش کیں۔
شرکاء نے لائیو اسٹاک سیکٹر میں تعاون بڑھانے اور جدید زرعی سپلائی چین کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔نمائش میں شریک غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندگان نے پاکستان میں زرعی شعبے کے وسیع مواقع پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔
چینی زرعی کمپنی بنژو وینو ایگریکلچرنے ایگری ایشیا ایکسپو میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان میں زرعی سرمایہ کاری کے امکانات کو سراہا۔ اسی طرح ہونان گُڈ فارچیون کمپنی نے زرعی مشینری کی نمائش میں شرکت پر ای کامرس گیٹ وے پاکستان اور ایس آ ئی ایف سی کے کردار کو قابل تعریف قرار دیا۔
ہورمیل مشینری نے ایگری ایشیا ایکسپو میں پہلی بار شرکت کو ایک مثبت اور مفید تجربہ قرار دیا، جبکہ رائس ربڑ رولر تیار کرنے والی کمپنی کی نمائندہ نے بھی ایونٹ میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ای کامرس گیٹ وے پاکستان اور ایس آ ئی ایف سی کی کاوشوں کو سراہا۔ماہرین کے مطابق حکومت پنجاب، ایس آ ئی ایف سی اور ای کامرس گیٹ وے پاکستان زرعی شعبے کی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
19ویں ایگری ایشیا انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس نے پاکستان کو علاقائی زرعی تجارت، سرمایہ کاری اور زرعی جدت کے ایک ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔