اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):ہایئر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستانی جامعات اور مقامی و غیر ملکی تسلیم شدہ شراکت دار جامعات کے مابین منظم تعلیمی اشتراک کو فروغ دینے کے لیے ڈوئل،ڈبل اور جوائنٹ ڈگری پروگرامز پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ یہ پالیسی اعلیٰ تعلیم کے بڑھتے ہوئے عالمی رجحانات، طلبہ کی بین الاقوامی نقل و حرکت، عالمی تعلیمی شراکت داریوں اور پاکستانی اعلی تعلیم کو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت کے پیش نظر متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ پالیسی ان جامعات جو انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ سطح پر اشتراکی ڈگری پروگرامز شروع کرنا چاہتی ہیں کے لیے ایک باضابطہ ریگولیٹری فریم ورک فراہم کرتی ہے۔
اس پالیسی کے تحت تعلیمی اشتراک کی تین اقسام متعارف کرائی گئی ہیں، اول وہ ڈوئل ڈگری پروگرامز شامل ہیں جن کے تحت مختلف یا قریبی متعلقہ شعبہ جات میں دو ڈگریاں دی جائیں گی، دوئم ڈبل ڈگری پروگرامز جن کے تحت شراکت دار جامعات ایک ہی شعبے میں دو ڈگریاں جاری کریں گی اور سوئم جوائنٹ ڈگری پروگرامز کے تحت شریک جامعات کی جانب سے مشترکہ طور پر ایک واحد ڈگری جاری اور دستخط شدہ ہوگی۔ ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ ایسے پروگرامز صرف اسی صورت میں کیے جاسکیں گے جب جامعات منظور شدہ پالیسی کے مطابق باقاعدہ اشتراکی انتظامات کریں گی۔
اداروں کو متعلقہ قانونی و انتظامی منظوریوں کا حصول، مفاہمت کی یادداشتوں پر عمل درآمد، کریڈٹ میپنگ کو یقینی بنانا، داخلہ و اخراج کے تقاضوں کا تعین، فیس ڈھانچے کی وضاحت، طلبہ کے تحفظ کے انتظامات اورکسی بھی ایسے پروگرام کے آغاز کے لیے ایچ ای سی سے نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ توقع ہے کہ یہ پالیسی طلبہ کو بین الاقوامی تعلیمی مواقع، کریڈٹ موبیلیٹی، مشترکہ نگرانی، عالمی تعلیمی ماحول سے آگاہی اور بہتر روزگار کے امکانات تک رسائی فراہم کرے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ پاکستانی جامعات کو بین الاقوامی شراکت داریوں کے فروغ، نصاب کی افادیت میں بہتری، معیار تعلیم کے استحکام اور پاکستانی اعلی تعلیم کی عالمی سطح پر پہچان بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔ایچ ای سی پالیسی کا مقصد اعلی تعلیم کے ذمہ دارانہ بین الاقوامی اشتراک کو فروغ دینا ہے جبکہ تعلیمی معیار، طلبہ کے مفادات اور ادارہ جاتی ذمہ داری کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔