ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی بچاؤ آگاہی واک

ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی بچاؤ آگاہی واک

ایبٹ آباد۔ 25 مئی (اے پی پی):محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی طرف سے جاری احکامات کی روشنی میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی سے بچاؤ اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے مقصد کے تحت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کا انعقاد ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران فاروق نے کیا۔ اس موقع پر شعبہ نرسنگ کی نرسنگ ڈائریکٹر، سینئر پروفیسرز، ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف اور ہسپتال انتظامیہ کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ ترجمان ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شرکا نے ڈینگی سے بچاؤ کے پیغامات پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر صفائی احتیاطی تدابیر اور ماحول کو صاف رکھنے سے متعلق آگاہی درج تھی۔ واک کے دوران مقررین نے کہا کہ ڈینگی ایک خطرناک مگر قابل بچاؤ مرض ہے جس سے احتیاطی تدابیر اختیار کر کے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ گھروں اور اردگرد کے ماحول میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، صفائی کا خاص خیال رکھیں اور مچھروں سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات اپنائیں۔ مقررین نے مزید آگاہ کیا کہ اگر کسی فرد میں ڈینگی کی تشخیص مثبت آئے تو وہ ہر صورت خود کو مچھروں کے کاٹنے سے محفوظ رکھے، مکمل آرام کرے اور اپنے بستر پر لازمی طور پر بیڈ نیٹ کا استعمال کرے تاکہ بیماری مزید افراد تک منتقل نہ ہو، مریض کو چاہئے کہ دوران بیماری غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلے اور ڈاکٹرز کی ہدایات پر مکمل عمل کرے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے آگاہی پروگرامز نہ صرف عوام میں شعور بیدار کرتے ہیں بلکہ معاشرہ کو صحت مند اور محفوظ بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی صحت کے تحفظ اور بیماریوں سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہمات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔