این ڈی یو کے وفد کا پی پی آراے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ادارہ جاتی اصلاحات اور ای-پروکیورمنٹ نظام سے متعلق بریفنگ

این ڈی یو کے وفد کا پی پی آراے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ادارہ جاتی اصلاحات اور ای-پروکیورمنٹ نظام سے متعلق بریفنگ

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے پہلے پراجیکٹ ڈائریکٹر سرٹیفکیشن (پی ڈی سی) پروگرام میں شریک سینئر سرکاری افسران کے ایک وفد نے جمعرات کو پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت انٹر ڈسپلنری پروفیشنل اینڈ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر)شیراز افضل نے کی۔

جمعرات کو پی پی آر اے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پرمنیجنگ ڈائریکٹر پی پی آر اے حسنات احمد قریشی نے وفد کوپبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) نے وفد کو سرکاری خریداری کے نظام میں اصلاحات، شفافیت اور جدیدیت کے فروغ کے لئے اپنی کوششوں کے تحت ادارہ جاتی اصلاحات اور ای-پروکیورمنٹ نظام سے متعلق بریفنگ دی۔

انہوں نے وفد کو پی پی آر اے کی جانب سے ادارہ جاتی استحکام، ریگولیٹری نظام کی جدید کاری، ای-پاک ایکوزیشن اینڈ ڈسپوزل سسٹم (ای پی اے ڈی ایس) کے نفاذ اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ایم ڈی پی پی آر اے نے کہا کہ سرکاری خریداری کے عمل میں شفافیت، مؤثریت اور جوابدہی کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں بھرپور احتیاط اور دیانت داری کا مظاہرہ کریں تاکہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے اور عوامی سرمائے کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مؤثر پروکیورمنٹ نظام نہ صرف حکومتی وسائل کی بچت میں مددگار ثابت ہوتا ہے بلکہ کاروبار کرنے میں آسانی کے فروغ اور سپلائرز و وینڈرز کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔