اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقہ جات میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز کے باعث خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اورندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے ،الرٹ کے مطابق بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے۔خیبرپختونخوا میں 26 سے 31مئی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے جبکہ چترال، دیر، منگورہ، ہنگو، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پاراچنار میں بارش متوقع ہے ،گلگت بلتستان میں 26 سے 31 مئی کے دوران گلگت، سکردو، ہنزہ، ستور، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی اور بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اورچند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے ۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں 28سے 31 مئی کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ،ساہیوال، اوکاڑہ، فیصل آباد، قصور، بہالپور بہاولنگر اور ملتان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
بلوچستان میں 30 سے 31 مئی کے دوران کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، خضدار اور تربت میں بارش متوقع، چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔سندھ میں 30اور31مئی کوٹھٹہ، بدین،مٹھی، حیدرآباد اور کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔این ڈی ایم اے نے ممکنہ بارش اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اورآزاد کشمیرکے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے ۔الرٹ کے مطابق شمشال ویلی، عطاآباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکیں حساس قرار دی گئی ہیں جبکہ شگر ویلی روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے ۔ ممکنہ طور پر متاثرہ شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ،سکردو روڈشامل ہیں جبکہ کالام، اوشو، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال ویلی کے پہاڑی مقامات پر سفر ی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں اضافے اور بارش کے باعث گلیشئرز تیزی سے پگل رہے ہیں ،تیز ی سے پگھلتے گلیشئرز کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ درکوٹ، لاشت، اشکومن، پنڈورو، ریشن، بونی، بدسوات، شسپر، گلکن، ہنارچی، روشن اور کمراٹ کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جبکہ ہنزہ، غزر، دیامیر، استور، گھانچے، شگر، کھرمنگ، وادی نیلم، باغ،سدھنوتی چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں بھی سیلاب صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں،عوام بروقت معلومات کے لئے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘سے بروقت معلومات حاصل کریں۔مزید برآں این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔