این ڈی ایم اے کا ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کا ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیئے۔ این ڈی ایم اےکےمیڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری کردہ متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔این ای او سی کی جانب سے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا جا چکا ہے ۔این ڈی ایم اے نے مختلف علاقوں کے لئے 5 مئی تک شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا۔سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں شدیدگرمی کی لہر متوقع ہے ،کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان اور تربت کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں شدید اضافہ متوقع ہے،24 تا 29 ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ 24، 25 اور 29 اپریل کو پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، ڈی جی خان اور ملتان میں بارش متوقع ہے۔جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ،بلوچستان کے شمالی اضلاع کوئٹہ، زیارت، قلات اور خضدار میں 24، 25 اور 27 تا 29 اپریل تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔صوبے کے ساحلی علاقے بشمول گوادر میں موسم خشک جبکہ درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے ۔ سندھ بھر میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان، درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہوگا۔حیدرآباد، بدین اور مٹھی میں 24 اپریل کو ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ اور کرم میں 24، 25 اور 27 تا 29 اپریل تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 24 تا 29 اپریل گرج چمک کے ساتھ وقفہ وقفہ سے بارش کا امکان ہے۔ شدید گرمی کے باعث لو لگنے، پانی کی کمی اور صحت کے دیگر مسائل میں اضافے کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام شدید دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں،زیادہ پانی پیئں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں،این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہیٹ ویو پلان فعال کرنے، کولنگ سینٹرز قائم کرنے اور ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘سے بروقت معلومات اور احتیاطی تدابیرکے حوالے سے راہنمائی لیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔