لاہور۔28مئی (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی پنجاب نے ریاست مخالف پروپیگنڈا اور عوام میں انتشار پھیلانے کے الزام میں مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ کارروائیاں ڈائریکٹر پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر عمل میں لائی گئیں۔
ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے اشتعال انگیز مواد پھیلانے اور ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلانے والے عناصر کی نگرانی کی جا رہی تھی، جس کے بعد مختلف شہروں میں چھاپے مارے گئے۔ ترجمان کے مطابق لاہور سے تین ، فیصل آباد تین، ملتان سے چار جبکہ گوجرانوالہ سے ایک شخص کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کے مطا بق گرفتار افراد سے ڈیجیٹل شواہد اور سوشل میڈیا ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے ممکنہ نیٹ ورک اور سرگرمیوں کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کی جا سکیں۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے کہا ہے کہ ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے اور عوام میں بے چینی و انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔