راولپنڈی۔ 29 مئی (اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرراولپنڈی حسن وقار چیمہ کے ہمرا راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کے کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں انہیں عیدالاضحیٰ کے موقع پر جاری خصوصی صفائی آپریشن اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دورے کے موقع پر ایم ڈی آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر اور دیگر متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی آپریشن کو مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عبدالرحمن خان اور اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ایمان ظفر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
بعدازاں ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور دیگر افسران کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے اور تمام شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخری آلائش تک صفائی کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا ہے جبکہ آلائشیں اٹھانے کے دورانیے کو 40 منٹ سے کم کر کے 25 منٹ کر دیا گیا ہے تاکہ عوامی شکایات پر مزید تیزی سے عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے صفائی ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی اور مشکل حالات کے باوجود ستھرا پنجاب کے ورکرز جذبے کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کنٹرول روم میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر سے اب تک 7200 ٹن آلائشیں اٹھائی جا چکی ہیں جبکہ موصول ہونے والی 675 شکایات کا مقررہ 40 منٹ کے اندر ازالہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی مانیٹرنگ ٹیم کی جانب سے بھی 300 شکایات کا اندراج کرایا گیا جن پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کنٹرول روم میں مختلف ٹیمیں مسلسل موجود ہیں جو صفائی آپریشن کی نگرانی، شکایات کے اندراج اور فوری رسپانس کو یقینی بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، آر ڈبلیو ایم سی اور ستھرا پنجاب کی ٹیمیں مشترکہ طور پر عیدالاضحیٰ کے دوران بہترین صفائی انتظامات کے لیے متحرک ہیں تاکہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔