ایف بی آر کی غیر منقولہ جائیدادوں کی ویلیوایشن میں کمی قابل ستائش ہے،صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود

ایف بی آر کی غیر منقولہ جائیدادوں کی ویلیوایشن میں کمی قابل ستائش ہے،صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی ) کے صدر سردار طاہر محمود نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی جانب سے اسلام آباد میں رہائشی اور کمرشل غیر منقولہ جائیدادوں کی ویلیوایشن پر نظر ثانی کے حالیہ اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت اور کاروبار دوست قدم قرار دیا ہے۔ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ نوٹیفکیشن S.R.O. 644(I)/2026 مورخہ 16 اپریل 2026 مارکیٹ کے موجودہ حالات کے مطابق جائیداد کی قیمتوں کو معقول بنانے کے لیے ایف بی آر کی جانب سے عملی نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جائیداد کی قدروں میں کمی سے خریداروں اور بیچنے والوں پر ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی جس سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں دستاویزی لین دین کی حوصلہ افزائی ہوگی۔سردار طاہر محمود نے مزید کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اعلیٰ حکام کے ساتھ جائیداد کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ اٹھایا تھا اور اس حوالہ سے بے ضابطگیوں کے خاتمہ اور ویلیو ایشن کو زمینی حقائق کے قریب تر لانے کی تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں نے حقیقی سرمایہ کاروں کے لیے رکاوٹیں پیدا کیں اور جائیداد کے لین دین میں سست روی کا باعث بنیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ نظرثانی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرے گی جس سے صحت مند معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، خاص طور پر تعمیرات اور اس سے منسلک صنعتوں کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔صدر آئی سی سی آئی نے کاروباری برادری کے تحفظات کو مدنظر رکھنے پر ایف بی آر کی تعریف کی اور زور دیا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پالیسی سازی میں اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرتے رہیں۔ سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جائیداد کی قیمتوں میں نظرثانی سے تاجروں اور صنعت کاروں پر مالی دباؤ کم ہو جائے گا جو زیادہ ٹیکس کی وجہ سے مشکلات کا شکار تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام کاروباری اعتماد کو بحال کرنے اور رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے ریمارکس دیے کہ جائیداد کی قدروں کو معقول بنانا زیادہ متوازن اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جانب صحیح سمت میں ایک قدم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پراپرٹی مارکیٹ میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانے اور معیشت کی وسیع تر دستاویزات کی حوصلہ افزائی کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔