ایف آئی اے کی بڑی کارروائی ، متحدہ عرب امارات سے چار ملزمان گرفتار

ایف آئی اے کی بڑی کارروائی ، متحدہ عرب امارات سے چار ملزمان گرفتار

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے نیشنل سنٹرل بیورو (این سی بی) انٹرپول نے متحدہ عرب امارات میں ایک بڑی کارروائی کے دوران پاکستان میں درج قتل اور فراڈ کے مقدمات میں مطلوب چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایک اہلکار نے اتوار کے روز ”اے پی پی” کو بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت عبداللہ، عادل، محمد عدنان اور شاہ فیصل کے ناموں سے ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ملزمان پنجاب پولیس کو فیصل آباد اور سرگودھا میں درج مقدمات میں مطلوب تھے اور انہیں ابوظہبی سے گرفتار کیا گیا۔

اہلکار کے مطابق ایف آئی اے انٹرپول کی جانب سے ان ملزمان کے لیے پہلے ہی ریڈ نوٹس جاری کیے جا چکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو لاہور ایئرپورٹ منتقل کیا گیا جہاں ایف آئی اے امیگریشن حکام نے انہیں پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔ اہلکار نے مزید کہا کہ ان ملزمان کی کامیاب گرفتاری اور واپسی انٹرپول اسلام آباد اور انٹرپول ابوظہبی کے درمیان قریبی رابطے اور تعاون کا نتیجہ ہے۔ ایف آئی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث مفرور ملزمان کو بین الاقوامی تعاون کے ذریعے قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا رہے گا۔