اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے دو افغان شہریوں کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر افغانستان جاتے ہوئے پاسپورٹ پر جعلی امیگریشن سٹیمپ استعمال کرنے پر آف لوڈ کر دیا۔ایف آئی اے حکام نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ ملزمان کی شناخت نور محمد اور آمنہ سراج کے نام سے ہوئی ہے جو افغانستان جا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاسپورٹ پر چسپاں پاکستانی روانگی اور آمد کے امیگریشن سٹیمپ جعلی اور مشکوک تھے۔
اہلکار نے بتایا کہ ایف آئی اے حکام نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کیا اور ان کے پاسپورٹ اور موبائل فون تحویل میں لے لیے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان کو قانونی کارروائی اور مقدمہ کے اندراج کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت جعلی دستاویزات اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ر کھے گی۔