کوئٹہ۔ 18 اپریل (اے پی پی):ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ ونگ کی ٹیم نے سریاب روڈ کوئٹہ پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران بدنام زمانہ انسانی اسمگلر رضا عرف چاچا موسی کو گرفتار کر لیا ۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم ایف آئی اے ٹیم کو ایف آئی آر نمبر 17/2024 میں نامزد تھا۔ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد ہوا، جس کے ابتدائی تجزیے کے دوران واٹس ایپ چیٹس سے ایران، جیوانی، ماشکیل اور پنجاب و خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں موجود دیگر انسانی اسمگلرز سے روابط کا انکشاف ہوا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ رضا عرف چاچا موسی ایک انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر ہے، جس کا نام تہران پرپٹریٹرز لسٹ 2024 میں شامل ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کے براہ راست روابط دیگر مطلوب انسانی اسمگلرز سعید، حاجی احمد اور اسداللہ عرف چرسی ملنگ کے ساتھ ہیں، جو تہران میں مقیم ہیں اور تہران و میلان پرپٹریٹرز لسٹ میں بھی شامل ہیں۔ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔