اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے شراکت داری اور سرمایہ کاری انتہائی اہم ہے،ذرائع آمدورفت کے تمام اہم منصوبوں کی اگلے2 سال میں تکمیل چاہتے ہیں، ائیر چیف کے مشکور ہیں، ان کی ذاتی دلچسپی سے موٹرویز پر ائیر ایمبولینس کا جلد آغاز ہوگا۔بدھ کو وزارت مواصلات سے جاری بیان کے مطابق ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وائس پریزیڈنٹ کونسٹین ٹین لمیت وسکی نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔بینک کی ڈائریکٹر جنرل ژیا وہانگ وانگ بھی وفاقی وزیر مواصلات سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھیں۔
ملاقات میں پاکستان کے مواصلاتی شعبے کے جاری اور مجوزہ مختلف منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے شراکت داری اور سرمایہ کاری انتہائی اہم ہے، ذرائع آمدورفت کے تمام اہم منصوبوں کی اگلے2 سال میں تکمیل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے اہم منصوبہ کراچی ، حیدرآباد ،اور حیدرآباد، سکھر موٹروے ہے، یہ موٹروے پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی، اس موٹروے کی تکمیل کے لئے حکومت پاکستان اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ سے منسلک موٹروے کا حصہ 8 لین پر مشتمل جبکہ حیدرآباد، سکھر موٹروے 6 لین کی ہو گی،لاہور، سیالکوٹ،اور کھاریاں، راولپنڈی کے موٹروے منصوبے کو بھی اگلے 2 سال میں مکمل کریں گے، اس موٹروے سے لاہور ، اسلام آباد میں فاصلہ 100 کلومیٹر اورسفر ایک گھنٹہ کم ہوجائے گا، اس منصوبے کی تکمیل سے اربوں روپے سالانہ پٹرول کی مد میں بچت ہو گی،پاک فضائیہ کے تعاون سے ایئر ایمبولینس سروس اور جدید ٹراما سینٹر قائم کئے جائیں گے۔
ائیر چیف کے مشکور ہیں، ان کی ذاتی دلچسپی سے موٹرویز پر ائیر ایمبولینس کا جلد آغاز ہوگا۔وفاقی وزیر مواصلات نے وفد کو این ایچ اے کے مکمل ہونے والے منصوبوں کے دورے کی دعوت دی۔ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفد نے این ایچ اے کے ساتھ اشتراک میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وائس پریزیڈنٹ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے کہا کہ یہ دورہ خوشگوار رہا، لاہور بھی جائیں گے۔