اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے فروری تا اپریل 2026 کے دوران کمپنی رجسٹریشن، غیر ملکی سرمایہ کاری، ڈیجیٹلائزیشن اور قواعد پر عملدرآمد میں نمایاں بہتری رپورٹ کی ہے۔ایس ای سی پی کی نئی انتظامیہ نے پاکستان کے کارپوریٹ شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کمپنیوں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ درخواستوں کی تیز تر پراسیسنگ، ریگولیٹری رہنمائی اور داخلی اصلاحات پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی۔ایس ای سی پی نے فروری سے اپریل 2026 کے دوران 10 ہزار 511 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں رجسٹر ہونے والی 8 ہزار 693 کمپنیوں کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہیں۔ ان میں سے صرف اپریل 2026 میں 4 ہزار 82 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جو پاکستان میں ایک ماہ کے دوران کمپنی رجسٹریشن کی بلند ترین سطح ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق اس عرصے کے دوران 22 سے زائد ممالک کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں 220 کمپنیاں رجسٹر کیں۔ ان غیر ملکی حصص یافتگان کی جانب سے رجسٹرڈ کمپنیوں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ 88 کروڑ 20 لاکھ روپے رہا، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے 27 کروڑ 70 لاکھ روپے کے مقابلے میں تقریباً 218 فیصد زیادہ ہے۔غیر ملکی سرمایہ کاری زیادہ تر تجارت، خدمات، معلوماتی ٹیکنالوجی، تعمیرات اور معدنیات کے شعبوں میں دیکھی گئی جبکہ چینی سرمایہ کار نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں نمایاں رہے۔
اس دوران کمپنیوں کی جانب سے ریگولیٹری کمپلائنس میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ کارپوریٹ رجسٹری کو 61 ہزار 960 سالانہ ریٹرنز موصول ہوئیں، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں جمع کرائی جانے والی 38 ہزار 326 ریٹرنز کے مقابلے میں 61 فیصد زیادہ ہیں۔کمیشن نے کمپنیوں کو قانونی گوشوارے جمع کرانے میں سہولت فراہم کرنے اور کمپلائنس کو بہتر بنانے کے لیے ایک جامع مہم چلائی، جس میں بالخصوص حقیقی مالکان کی معلومات کی فائلنگ پر توجہ دی گئی۔
مزید برآں، ایس ای سی پی نے نان لسٹڈ کمپنیوں کے شیئر سرٹیفکیٹس کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت کمپنیوں کے دستاویزی شیئر سرٹیفکیٹس کو سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کے زیر انتظام سینٹرل ڈیپازٹری سسٹم کے ذریعے الیکٹرانک یعنی بک انٹری فارم میں منتقل کیا جائے گا۔ اس اقدام سے نان لسٹڈ کمپنیوں کے شیئرز کی ملکیت سے متعلق تنازعات کے خاتمے اور شفافیت میں بہتری متوقع ہے۔
ایس ای سی پی اسلام آباد، کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں کاروباری سہولت مراکز قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ کارپوریٹ خدمات تک رسائی مزید آسان بنائی جا سکے۔آئندہ مرحلے میں ایس ای سی پی کمپنی رجسٹریشن کے نظام کو مزید خودکار بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ناموں کی منظوری، خودکار فارم رجسٹریشن، ڈیجیٹل نگرانی اور کاروبار میں آسانی سے متعلق مزید اصلاحات متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔