ایامِ حج کا چوتھا روز،حجاج کرام کی جمرات پر رمی، طوافِ زیارت اور سعی کا سلسلہ جاری

ایامِ حج کا چوتھا روز،حجاج کرام کی جمرات پر رمی، طوافِ زیارت اور سعی کا سلسلہ جاری

خرم شہزاد

وادیِ منیٰ۔28مئی (اے پی پی):ایامِ حج کے چوتھے روز وادیِ منیٰ میں روح پرور مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں جہاں دنیا بھر سے آئے لاکھوں حجاج کرام آج تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے (رمی) کے مناسک ادا کر رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی حج کا تیسرا فرض ‘طوافِ زیارت’ اور واجب ‘سعی’ کی ادائیگی کا سلسلہ بھی آج مسلسل جاری ہے۔وفاقی وزیر برائےمذہبی امور سردار محمد یوسف نے مشائرِ مقدسہ میں موجود پاکستانی حجاج پر زور دیا ہے کہ وہ مقدس مقامات پر نظم و ضبط قائم اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں۔

انہوں نے منیٰ میں سعودی حکومت کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیموں اور راستوں پر کولنگ سسٹمز اور صفائی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے موسم کی شدت اور سخت گرمی کے پیشِ نظر حجاج کرام کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں بلاضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں اور یہ وقت اپنے خیموں میں گزاریں۔

حجاجِ کرام کی سہولت کے لیے انہوں نے بتایا کہ عازمین اپنے مکتب کے کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ کو سکین کر کے اپنے راستوں کی درست نشاندہی کر سکتے ہیں۔

حجاج کی نقل و حمل اور معاونت حجاج کی حرم شریف آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے جمرات اور منیٰ کے 511 چوک سے سعودی شٹل سروس چوبیس گھنٹے دستیاب ہے جبکہ ضعیف اور معذور حجاج کی رہنمائی کے لیے منیٰ کے تمام اہم اور حساس پوائنٹس پر ‘پاکستان حج مشن’ کے گائیڈز چوبیس گھنٹے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ حجاج کرام آج کی رات بھی وادیِ منیٰ میں ہی قیام کریں گے۔
خرم شہزاد