انسپکٹر آف مائنز سرگودھا نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پرپہاڑیوں کے مختلف بلاکس میں ورکنگ روک دی

انسپکٹر آف مائنز سرگودھا نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پرپہاڑیوں کے مختلف بلاکس میں ورکنگ روک دی

سرگودھا ۔ 19 مئی (اے پی پی):انسپکٹر آف مائنز سرگودھا میاں محمد افضل نےحفاظتی خدشات کے پیشِ نظر پہاڑیوں کے خطرناک مقامات پر پتھر کی کٹائی روک دی۔منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد افضل کے کہا کہ مائن ایکٹ 1923 کے تحت چک 126جنوبی کی پہاڑیوں کے بلاک نمبر 13,16 اور بلاک چار اے،چار بی جبکہ چک 123 جنوبی پہاڑی کے بلاک 7 میں ہر قسم کی ورکنگ بند کر دی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقامات پر مزدوروں کی جانوں کو خطرات لاحق تھے جبکہ حفاظتی انتظامات بھی تسلی بخش نہیں پائے گئے۔ خطرناک حالات اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

انسپکٹر آف مائنز میاں محمد افضل اور جونیئر انسپکٹر آف مائنز سید وسیم نے پہاڑیوں کے مختلف پوائنٹس کا دورہ کیا جہاں کام کے دوران حفاظتی اقدامات ناکافی پائے گئے مزدوروں کے تحفظ کے لیے ضروری انتظامات مکمل نہ ہونے پر مذکورہ افسران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پہاڑیوں کے خطرناک مقامات پر کام بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔میاں محمد افضل نے واضح کیا ہے کہ جب تک تمام حفاظتی تقاضے پورے نہیں کیے جاتے اور مزدوروں کے تحفظ کو یقینی نہیں بنایا جاتا، ان مقامات پرورکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے لیز ہولڈرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مائنز سیفٹی قوانین پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ مزدور محفوظ ماحول میں کام کر سکیں۔انسپکٹر آف مائنز سرگودھا نے مزید کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے لیز ہولڈرز سرمد چیمہ اور ضیاء اللہ کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں، مقامی افراد نے محکمہ مائنز سرگودھا کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ سب سے پہلی ترجیح ہونی چاہیے اور غیر محفوظ حالات میں کام کی ہرگز اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔