اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ امن کا قیام فوری نہیں ہوتا بلکہ یہ صبر، حکمت اور مستقل مزاجی کا تقاضا کرتا ہے، پاکستان نے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر نیت صاف ہو اور کوشش مسلسل ہو تو ناممکن بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تاریخ اس عہد کا تذکرہ کرے گی توپاکستان کا نام ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر نمایاں ہوگا، ایسے حالات میں جب پورا خطہ کشیدگی کی لپیٹ میں تھا، پاکستان نے تدبر، سنجیدگی اور دوراندیش قیادت کے ذریعے حالات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مسلسل اور مخلصانہ سفارتی کاوشوں نے نہ صرف تناؤ کو کم کیا بلکہ ایک مؤثر جنگ بندی کی راہ بھی ہموار کی۔
ان کی قیادت میں فریقین کو بات چیت پر آمادہ کرنا ایک بڑی کامیابی ہےجو پاکستان کی مثبت عالمی ساکھ کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کا قیام فوری نہیں ہوتا بلکہ یہ صبر، حکمت اور مستقل مزاجی کا تقاضا کرتا ہے۔ پاکستان نے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر نیت صاف ہو اور کوشش مسلسل ہو تو ناممکن بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے، وہ دن دور نہیں جب خطہ مکمل طور پر امن کا گہوارہ بنے گا۔یہ پیش رفت اس بات کاثبوت ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنے مفادات کا محافظ ہے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ایک مؤثر آواز ہے۔ اسلام آباد نے ایک بار پھر امید اور استحکام کے مرکز کے طور پر اپنا کردار منوایا ہے۔