اقوامِ متحدہ۔14مئی (اے پی پی):امریکہ نے اقوامِ متحدہ کے تحت جاری امدادی کارروائیوں کی معاونت کے لیے 1.8 ارب ڈالر کی اضافی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں مختلف بحرانوں سے متاثرہ افراد کی ضروریات پر مبنی امدادی سرگرمیوں کو تقویت دینا ہے۔نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے کہا کہ یہ فنڈنگ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری امدادی آپریشنز کی معاونت کے ساتھ ساتھ شفافیت، جوابدہی اور مؤثر کارکردگی سے متعلق اصلاحات کو بھی فروغ دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم آج ایک بار پھر امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکرٹری جیریمی لیون اور اقوامِ متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل ٹام فلیچر کے ہمراہ 1.8 ارب ڈالر کی اضافی انسانی امداد کے اعلان پر خوش ہیں۔
مائیک والٹز کا کہنا تھا کہ یہ فنڈز دنیا بھر میں مزید جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوں گے اور ساتھ ہی ان اصلاحات کو بھی آگے بڑھائیں گے جو ہم نے مؤثر کارکردگی، جوابدہی اور دیرپا اثرات کے لیے متعارف کرائی ہیں۔امریکی سفیر نے بتایا کہ یہ امداد گزشتہ دسمبر میں کیے گئے 2 ارب ڈالر کے امریکی وعدے کے تسلسل کا حصہ ہے، جس کے ذریعے امریکہ اقوامِ متحدہ کے زیرِ انتظام امدادی آپریشنز میں ایک بڑے معاون ملک کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔دریں اثنا، اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے ترجمان کے ذریعے جاری بیان میں اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ فنڈنگ انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو دنیا کے انتہائی سنگین بحرانوں میں لاکھوں افراد تک جان بچانے والی امداد پہنچانے کے قابل بنائے گی۔