واشنگٹن ۔10مئی (اے پی پی):امریکامیں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے قومی اتحاد، استقامت اور دفاعی عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی، اسکالرز، طلبا، کاروباری شخصیات، سفارتخانے کے حکام اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” کے نعروں اور ملی نغموں کے ذریعے وطن سے محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے پاکستان کی مسلح افواج کو ملکی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی وقار کے دفاع پر خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ ملکی سیاسی و عسکری قیادت کی بروقت حکمتِ عملی کو بھی سراہا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے ویڈیو پیغامات بھی نشر کیے گئے۔دفاعی اتاشی بریگیڈیئر عرفان علی نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق نے پاکستانی قوم کے اتحاد اور عزم کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کے دوران پوری قوم اپنی قیادت اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ سفیر نے جنگ بندی کی کوششوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹر مپ کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
تقریب میں ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی جس میں ملکی دفاعی اقدامات کو اجاگر کیا گیا، جبکہ قومی نغموں کی لائیو پرفارمنس نے شرکاء کا جوش بڑھا دیا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے قومی اتحاد، ترقی اور ایک مضبوط و خوشحال پاکستان کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔