اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا سینئر صحافی الطاف حسن قریشی کے انتقال پر اظہار تعزیت

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا سینئر صحافی الطاف حسن قریشی کے انتقال پر اظہار تعزیت

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ممتاز صحافی، معروف کالم نگار، دانشور اور اردو ڈائجسٹ کے بانی الطاف حسن قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے مرحوم الطاف حسن قریشی کی صحافت، ادب اور قومی شعور کی بیداری کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسن قریشی نے اپنی تحریروں، فکری بصیرت اور اصولی صحافت کے ذریعے کئی نسلوں کی رہنمائی کی ہے۔ ان کا شمار پاکستان کی صحافت کے اُن معتبر ناموں میں ہوتا ہے جنہوں نے قومی و ملی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ الطاف حسن قریشی کے انتقال سے صحافت اور علمی دنیا ایک مدبر ، بااصول اور صاحبِ فکر شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔ مرحوم کی صحافتی، ادبی اور فکری خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔