اسلام آباد پولیس کا جرائم کے خلاف وسیع آپریشن ، 506 ملزمان گرفتار

اسلام آباد پولیس کا جرائم کے خلاف وسیع آپریشن ، 506 ملزمان گرفتار

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے مئی 2026 کے پہلے 10 دنوں میں وفاقی دارالحکومت میں شروع کیے گئے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے دوران 506 ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں اشتہاری مجرم، منشیات فروش اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے بھی شامل ہیں۔ پولیس حکام نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ، اسلحہ کی نمائش اور منشیات سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث 238 ملزمان کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے نتیجے میں 113 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔حکام کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزمان سے 20 کلو گرام سے زائد چرس، 13 کلو گرام ہیروئن، 14 کلو گرام آئس اور 674 شراب کی بوتلیں برآمد کیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے اسی عرصے کے دوران غیر قانونی اسلحہ میں ملوث 125 ملزمان کو بھی گرفتار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 105 پستول، نو رائفل/بندوقیں، سات کلاشنکوفیں، 11 خنجر اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا۔ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے کہا کہ آئی سی ٹی پولیس نے مئی کے پہلے 10 دنوں کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 268 اشتہاری مجرموں اور ماضی میں ریکارڈ ہولڈر مجرموں کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے اسی عرصے کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں 107 گرینڈ کومبنگ اور سرچ آپریشنز بھی کئے۔ڈی آئی جی طارق نے کہا کہ پولیس نے عوامی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنانے اور کمیونٹی پولیسنگ کو بہتر بنانے کے لیے 87 سے زائد کھلی کچہریوں کا اہتمام کیا۔ محمد جواد طارق نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔