اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ماہ مئی کے پہلے دس دنوں میں منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے 506 ملزمان کو گرفتار کرکے ان سےبھاری مقدار میں منشیات و اسلحہ برآمد کرلیا۔اتوار کو ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر، سابقہ ریکارڈ یافتہ اشتہاری مجرمان، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف بھرپورکارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ماہ مئی 2026 کے پہلے دس دنوں کے دوران 506 ملزمان کو گرفتار کیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہاکہ اسلام آباد پولیس نے جرائم کے انسداد اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مختلف خصوصی کارروائیاں عمل میں لائیں، جن کے دوران ماہ مئی کے پہلے دس دنوں میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اوراسلحہ کی نمائش میں ملوث 125ملزمان جبکہ منشیات فروشی میں ملوث 113ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 20 کلو گرام چرس، 13 کلو گرام سے زائد ہیروئن، 14 کلو گرام آئس اور 674 بوتل شراب برآمد کی گئیں۔اسی طرح غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ملزمان کے قبضے سے مختلف بور کے 105 پستول، 09 رائفلیں/بندوقیں، 07 کلاشنکوف، 11 خنجر اور بھاری مقدار میں ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ اسلام آباد پولیس نے مئی 2026 کے پہلے دس دنوں کے دوران مختلف وارداتوں میں ملوث 268 سابقہ ریکارڈ یافتہ اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کیا، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 107 گرینڈ کومبنگ اور سرچ آپریشنز بھی کیے گئے، ان سرچ آپریشنز کے دوران مشکوک افراد، کرایہ داروں، ہوٹلوں، ہاسٹلز اور مختلف مقامات کی چیکنگ عمل میں لائی گئی تاکہ کسی بھی جرائم پیشہ سرگرمی کی بروقت روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور عوامی رابطوں کو موثر بنانے کیلئے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے، اسی سلسلے میں ماہ مئی کے پہلے دس دنوں کے دوران اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے مسائل سننے اور ان کے فوری حل کیلئے 87 سے زائد کھلی کچہریوں کا انعقاد کیاجن میں سینئر پولیس افسران نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے، اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جرائم کے مکمل خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا اور کسی بھی فرد کو شہریوں کے امن و سکون میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔