اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے آئندہ ہفتے کے لیے اپنی فسیلیٹیشن وینز کا شیڈول جاری کر دیا ہے جبکہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس کی “پی ایس آن وہیلز” سروس بھی وفاقی دارالحکومت کے مختلف مقامات پر شہریوں کو سہولیات فراہم کرے گی۔آئی ٹی پی کے ایک عہدیدار نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ فسیلیٹیشن وینز 27 اپریل سے 3 مئی 2026 تک روزانہ صبح ساڑھے 4بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک کام کریں گی۔ ان وینز کے ذریعے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس، لرنر پرمٹ، لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ “پی ایس آن وہیلز” کے تحت کریکٹر سرٹیفکیٹ، گمشدہ دستاویزات کی رپورٹ اور کرایہ داروں و گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کی سہولت میسر ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ خدمات وین-ون (عبدالقادر)، وین-ٹو (یاسر ادریس) اور وین-تھری (عاقب خان) کے ذریعے فراہم کی جائیں گی جبکہ “پی ایس آن وہیلز” علیحدہ طور پر سب انسپکٹر آصف زیدی کی نگرانی میں کام کرے گی۔
شیڈول کے مطابق پیر 27 اپریل کو وین-ٹو آئی-8 مرکز، وین-ون ایف-10 بولان گیٹ اور وین-تھری ہاسٹل سٹی پارک روڈ پر موجود ہوگی جبکہ “پی ایس آن وہیلز” ڈی-12 مرکز میں دستیاب ہوگی۔منگل 28 اپریل کو وین-ٹو نیول کمپلیکس ای-8، وین-ون زبیست یونیورسٹی ایچ-8 اور وین-تھری سوشل سائٹ بی-17 میں خدمات فراہم کرے گی جبکہ “پی ایس آن وہیلز” بھارہ کہو یونین کونسل آفس میں موجود ہوگی۔بدھ 29 اپریل کو وین-ٹو ایئر ہیڈکوارٹرز ای-9، وین-ون اردو یونیورسٹی چک شہزاد اور وین-تھری ای-11 توبہ مسجد میں تعینات ہوگی جبکہ “پی ایس آن وہیلز” جی-14 سرینگر ہائی وے چیک پوسٹ پر دستیاب ہوگی۔
جمعرات 30 اپریل کو وین-ٹو آبپارہ مارکیٹ، وین-ون جی-9 مرکز نزد عوامی ٹریڈ سینٹر اور وین-تھری بحریہ یونیورسٹی میں خدمات انجام دے گی جبکہ “پی ایس آن وہیلز” ٹریفک آفس راول ٹاؤن میں موجود ہوگی۔جمعہ یکم مئی کو وین-ٹو جی-7 مرکز، وین-ون ڈی ایچ اے فیز 5 اور وین-تھری بری امام کے مقام پر ہوگی۔ہفتہ 2 مئی کو وین-ٹو ایچ-13، وین-ون ایئر یونیورسٹی اور وین-تھری ترنول بے نظیر چوک میں خدمات فراہم کرے گی۔اتوار 3 مئی کو وین-ٹو آئی-10 مرکز، وین-ون پولیس لائنز ایچ-11 اور وین-تھری ٹریفک آفس فیض آباد میں موجود ہوگی جبکہ “پی ایس آن وہیلز” مری روڈ چیک پوسٹ نزد ایڈونچر اِن پر بھی دستیاب ہوگی۔عہدیدار نے کہا کہ ان موبائل یونٹس کے ذریعے شہری ایک ہی جگہ پر متعدد سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔ مزید معلومات کے لیے شہری پکار-15، آئی ٹی پی ہیلپ لائن 1915 یا اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
