اسلام آباد میں عیدالاضحیٰ کے پہلے روز صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری، 260 شہری کالز موصول

اسلام آباد میں عیدالاضحیٰ کے پہلے روز صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری، 260 شہری کالز موصول

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):عیدالاضحیٰ کے پہلے روز وفاقی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی اور آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام افسران فیلڈ میں موجود رہے جبکہ شہر بھر میں قربانیوں کے ساتھ ساتھ صفائی مہم کی مسلسل نگرانی کی گئی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایات پر کنٹرول روم 1334 کے ذریعے عید آپریشن کی لائیو مانیٹرنگ جاری رکھی گئی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ ٹریکر کے ذریعے شہریوں کی شکایات اور درخواستوں پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق صبح سے اب تک شہریوں کی جانب سے مجموعی طور پر 260 کالز موصول ہوئیں جن میں سے 250 پر فوری عمل درآمد کیا گیا جبکہ 10 شکایات پر کام جاری ہے۔انتظامیہ نے بتایا کہ اسلام آباد کی تمام 8 سرکلز میں صفائی مہم پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور قربانی کے بعد آلائشیں باہر پھینکنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

آلائشوں کو گھروں سے اٹھا کر مقررہ ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کرنے کے عمل کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف ڈمپنگ پوائنٹس اور اجتماعی قربانی کے مقامات کا دورہ کیا جبکہ یونین کونسل سطح پر قائم کنٹرول رومز کو بھی مکمل طور پر فعال رکھا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آلائشوں کی تلفی یا صفائی سے متعلق کسی بھی شکایت کے لیے 1334 پر رابطہ کریں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔