اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پری حج آپریشن 2026 محفوظ، مؤثر اور بہترین باہمی تعاون کے ساتھ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا، اس سال حج آپریشن کے دوران عازمینِ حج کی ریکارڈ تعداد کو سہولیات فراہم کی گئیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر 284 حج پروازیں آپریٹ کی گئیں جن کے ذریعے 45 ہزار 160 عازمینِ حج سعودی عرب روانہ ہوئے۔ یہ اب تک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے عازمینِ حج کی سب سے بڑی تعداد ہے۔سرکاری حج اسکیم اور روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت 142 پروازوں کے ذریعے 37 ہزار 72 عازمین کو سہولت فراہم کی گئی جبکہ نجی حج اسکیم کے تحت مزید 142 پروازوں کے ذریعے 8 ہزار 88 عازمین روانہ ہوئے۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ساتویں روٹ ٹو مکہ آپریشن کو بھی کامیابی سے مکمل کیا۔ مؤثر منصوبہ بندی اور مربوط انتظامات کے ذریعے روزانہ آٹھ تک حج پروازوں، بشمول بیک وقت چار روٹ ٹو مکہ پروازوں کو معمول کی پروازوں کے ساتھ کامیابی سے ہینڈل کیا گیا۔عازمین کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جن میں علیحدہ چیک اِن کاؤنٹرز، امیگریشن اور سکیورٹی سہولیات، نماز کی جگہ، ریفریشمنٹ سہولت، مناسب نشستوں کا انتظام اور خصوصی معاونت کے مستحق عازمین کے لیے خصوصی سہولیات شامل تھیں۔ سعودی ٹیم کی جانب سے سامان کی بہتر ٹریکنگ اور انتظام کے لیے (آر ایف آئی ڈی) ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا گیا۔پری حج آپریشن 2026 کی کامیاب تکمیل ایئرپورٹ انتظامیہ، متعلقہ سرکاری اداروں، ایئرلائنز، گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیز، اے ایس ایف، ایف آئی اے، سعودی ٹیموں اور دیگر تمام شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں اور بھرپور تعاون کا مظہر ہے۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی تمام متعلقہ اداروں اور ٹیموں کی کاوشوں کو سراہتی ہے جن کی بدولت عازمینِ حج کو محفوظ، مؤثر اور بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔