اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ بائیو انفارمیٹکس کے ایف 23 بیچ کے طلبہ نے آئی ایس سی ای چھٹی بین الاقوامی طلبہ کنونشن اینڈ ایکسپو 2026 میں منعقدہ بزنس آئیڈیا مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق طالبات ماریہ قبطیہ، خولہ شکیل، ازما حق اور بشائر الہاشمی پر مشتمل ٹیم نے اپنے جدید اور منفرد منصوبے ’’سمارٹ بیٹ بیگز‘‘ کے ذریعے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ مقابلے کا انعقاد قائداعظم یونیورسٹی میں کیا گیا تھا جہاں مختلف جامعات کے طلبہ نے کاروباری اور تکنیکی نوعیت کے منصوبے پیش کئے۔
ترجمان کے مطابق اس کامیاب ٹیم کی رہنمائی شعبہ بائیو انفارمیٹکس کی فیکلٹی ممبر رمشاء یوسف نے کی۔ منصوبے کو زرعی شعبے کے مسائل کے حل کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مؤثر آئیڈیا قرار دیا گیا جس پر ٹیم کو پہلی پوزیشن کے ساتھ 30 ہزار روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے کامیاب طالبات اور ان کی مینٹور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نوجوانوں میں اختراع، تحقیق اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کا مظہر ہے۔