اسلامی یونیورسٹی نے اپنے نئے کیمپس سیکٹر ایچ ٹین میں جدید سپورٹس سہولیات کا افتتاح کر دیا

اسلامی یونیورسٹی نے اپنے نئے کیمپس سیکٹر ایچ ٹین میں جدید سپورٹس سہولیات کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے اپنے نئے کیمپس، سیکٹر H-10 اسلام آباد میں سعودی عرب کے تعاون سے قائم جدید سپورٹس سہولیات کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کی صدارت صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کی جنہوں نے طلباء و طالبات کے کیمپسز میں قائم جدید جمنازیمز کا افتتاح کیا۔ یہ سہولیات طلباء و طالبات میں صحت مند طرزِ زندگی اور جسمانی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے قائم کی گئی ہیں۔ تقریب میں جامعہ کے سینئر حکام، وائس پریذیڈنٹ اکیڈمکس، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، مشیران، پرووسٹس اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صدر جامعہ نے اپنے خطاب میں اس منصوبے کی تکمیل میں شامل تمام ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا اور سعودی عرب کی مالی و تکنیکی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان سہولیات کی مستقل بنیادوں پر دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ طویل عرصے تک ان سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ ایک متوازن تعلیمی ماحول کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے جہاں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کو بھی بھرپور اہمیت دی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ سپورٹس سہولیات جدید تقاضوں کے مطابق تیار کی گئی ہیں جو طلبہ کو معیاری کھیلوں اور فٹنس کی سہولتیں فراہم کریں گی۔