اسسٹنٹ کمشنر خاران تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا

اسسٹنٹ کمشنر خاران تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا

خاران ۔ 13 اپریل (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر خاران خادم حسین کھوسہ نے ضلع خاران میں تین روزہ انسدادِ پولیو اور وٹامن اے مہم کا قطرہ ایک بچی کو پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس خاران میں پولیو مہم کے حوالے سے افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ۔افتتاحی تقریب کے موقع پر بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور مہم کی کامیابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خاران ڈاکٹر شیر احمد ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر عبدالصمد سنجرانی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خاران ڈاکٹر چاکر انور سیاہ پاد سمیت متعلقہ محکموں کے آفیسران اور عملہ موجود تھے ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خاران خادم حسین کھوسہ نے پولیو ٹیموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا یقینی بنایا جائے اور کسی بھی بچے کو مہم سے محروم نہ رکھا جائے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ پولیو فری پاکستان کے خواب کو حقیقت بنایا جا سکے۔