اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہماری مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں گلوبل صمود فلوٹیلا میں سوار سعد ایدھی، جنہیں اسرائیلی قابض افواج نے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا تھا، رہا کر دیا گیا ہے۔
وہ دیگر زیرِ حراست انسانی ہمدردی کے کارکنوں کے ہمراہ الحمد اللہ بحفاظت استنبول پہنچ گئے ہیں۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہاکہ میں ایک بار پھر حکومتِ ترکیہ کا تہہِ دل سے شکر گزار ہوں جس نے اُن کی بحفاظت استنبول واپسی کو یقینی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی گرفتاری اور قابض افواج کی جانب سے اُن کے ساتھ غیر انسانی سلوک قابلِ مذمت اور مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی غیر متزلزل حمایت کرتا رہا ہے اور اِن شاء اللہ آئندہ بھی کرتا رہے گا۔