پشاور۔ 16 مئی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے قیام و استحکام اور دکھی انسانیت کی خدمت میں ڈاکٹر عبد الحمید آفریدی اور ڈاکٹر سید محمد سلطان کی خدمات مسلمہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں معروف سیاسی ورکرز ، پیپلز ڈاکٹرز فورم کے راہنماؤں مرحوم پروفیسر ڈاکٹر سید محمد سلطان اور مرحوم پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید آفریدی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلیے تعزیتی ریفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔
ریفرنس کی صدارت پیپلز ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر جانباز آفریدی نے کی۔ ریفرنس سے فیڈرل سیکرٹری ریلوے سید مظہر علی شاہ، ڈاکئریکٹر جنرل ہیلتھ خیبر پختونخوا ڈاکٹر شاہین آفریدی، ڈاکٹر جانباز آفریدی، ڈاکٹر خالد مفتی، پیپلز پارٹی کے صوبائی راہنما سید ایوب شاہ ، ڈاکٹر پرویز ، پیپلز لائرز فورم کے اعجاز مہمند ایڈووکیٹ، ڈاکٹر حامد بنوری، ڈاکٹر یاسر اور ڈاکٹر طاہر شاہ نے بھی خطاب کیا اور مرحومین کی خدمات کو مثالی قرار دیا۔
مقررین نے ریفرنس کے انعقاد پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مرحومین پیپلز پارٹی ہی نہیں ہمارے صوبے کا سرمایہ تھے، ایسی نابغہ روزگار شخصیات کےلیے ریفرنسز کا انعقاد لائق ستائش ہے اور یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر شپ پارٹی کی امانت ہے، پارٹی قیادت کے وژن اور مشن کے مطابق گورنر ہاؤس کے دروازے پارٹی ورکرز اور اس صوبے کے عوام کےلیے ہر وقت کھلے ہیں، یہاں ہر مکتبہ فکر کےلیے تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا جب بھی تذکرہ کیا جائے گا تو شہید ذوالفقار علی بھٹو، پیپلز پارٹی کا کردار اس میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے یہ وطن محنت اور قربانیوں سے حاصل کیا اور پیپلز پارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو نے قربانی دےکر پاکستان کے استحکام میں کردار ادا کیا۔
معرکہ حق کے تناظر میں جب ملک پر جنگ مسلط کی گئی بھارت نے سازش کی تو صدر مملکت آصف علی زرداری نے متعدد ممالک کا دورہ کیا، پارلیمانی سطح پر پاکستان کو پھر ایک اور بھٹو کی ضرورت پیش آئی تو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے سفارتی محاذ پر کامیابی حاصل کی اور آج دنیا میں امن کے حوالہ سے اسلام آباد مذاکرات پاکستان کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اب دنیا پاکستان کی جانب راغب ہے اور اس میں سب سے بہترین جگہ خیبر پختونخوا ہے جہاں دنیا کی توجہ کی ہر چیز قدرت نے دی ہے، ہم مسائل کا رونا روتے ہیں لیکن یہ دیکھیں کہ اسکے ذمہ دار ہم خود کتنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد دیگر صوبے متعدد شعبوں میں آگے آئے ہم وہیں کھڑے ہیں ہم اپنے صوبہ کے پانی کا پورا حق استعمال نہیں کرسکے۔ انہوں نے پیپلز ڈاکٹرز فورم کی جانب سے پیش کیے گئے سپاس نامہ پر انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے تعزیتی ریفرنس کے انعقاد پر پیپلز ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر جانباز آفریدی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حامد بنوری ،پیپلز ڈاکٹرز فورم کے فنانس سیکرٹری ڈاکٹر نور وہاب ، کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عنایت اللہ کی کاوشوں پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ڈاکٹر عبدالحمید آفریدی اور ڈاکٹر سید محمد سلطان کے اہل خانہ کو خصوصی شیلڈز پیش کیں۔