اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آپریشن بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر یوم ’’معرکۂ حق‘‘کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معرکۂ حق نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر پرعزم ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص دشمن کی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بھرپور جواب کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کے اتحاد، ایمان اور غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر جرات، مہارت اور قربانی کی نئی مثال قائم کی۔چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ نوجوانوں، میڈیا، سفارتی محاذ پر سرگرم افراد، سائنسدانوں اور انجینئرز نے قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، قومی یکجہتی ہماری اصل طاقت ہے، متحد قوم ہی ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کی بصیرت اور عوام کے اعتماد نے پاکستان کو ہر آزمائش میں سرخرو کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قوم آج اس عزم کی تجدید کرے کہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور باوقار ریاست بنانے کے لیے متحد رہیں گے۔