اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):الخدمت فائونڈیشن کے تعلیمی ادارے آغوش کالج مری کے 9 طلبہ نےترکیہ میں آئی ایچ ایچ سکالرشپ کے حصول کے لیے آئی ایس بی ای وی کے تعاون سے منعقدہ تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹرویو کے لیے رسائی حاصل کر لی۔ اس امتحان میں پاکستان بھر سے طلبہ نے شرکت کی۔تحریری امتحان کے نتائج کے مطابق ملک بھر سے مجموعی طور پر 17 طلبہ انٹرویو کے لیے منتخب ہوئے جن میں سے 9 طلبہ آغوش کالج مری کے ہیں۔یہ امتحان پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
آغوش کالج مری کی انتظامیہ نے اس کامیابی پر طلبہ، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ منتخب طلبہ فائنل مرحلے میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ پیر کو جاری بیان میں پرنسپل آغوش کالج مری اعظم خان نے کہا کہ یہ ہمارے لیے انتہائی خوشی اور فخر کا مقام ہے کہ آغوش کالج مری کے 9 طلبہ نے ترکیہ سکالرشپ کے لیے انٹرویو مرحلے تک رسائی حاصل کی۔ یہ کامیابی طلبہ کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور ادارے کے معیاری تعلیمی ماحول کا ثبوت ہے۔ دعا گو ہیں کہ ہمارے طلبہ فائنل مرحلے میں بھی کامیابی حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں