ریاض ۔21مئی (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) اور برطانیہ نے آزاد تجارت کے معاہدے پر مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونے پر لندن میں مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے ہیں۔جی سی سی میڈیا سینٹر کے مطابق مشترکہ اعلامیے پر برطانیہ کی جانب سے وزیر مملکت برائے تجارتی امور کرس برائنٹ جبکہ جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے دستخط کیے۔سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے بتایا’ آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات کامیاب رہے، مشترکہ اعلامیے پر دستخط فریقین کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہے۔ جو اقتصادی امور کو مزید مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوگی۔جاسم البدیوی نے مزید کہا’ یہ کامیابی اتفاقیہ نہیں بلکہ برسوں کی مسلسل محنت، مضبوط سیاسی عزم اور مشترکہ یقین دہانی کا نتیجہ ہے۔جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نے اس معاہدے کو جامع اور جدید تجارتی معاہدہ قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے فریم ورک میں اشیا و کمرشل سروسز، مالیاتی سروسز، ڈیجیٹل تجارت، سرمایہ کاری کا تحفظ ، ٹیلی کمیونیکیشن اور افراد کی موومنٹ سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔