اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ایک نجی ادارہ کے سربراہ نجم مزاری نے کہاہے کہ آرگینک سمیت تمام برآمدی شعبوں کے حوالے سے ڈیٹا اینالیسز پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور اس مد میں خصوصی فنڈز مختص کئے جائیں،آرگینک فارمنگ کے فروغ کے لیے آئندہ مالی سال بجٹ میں الگ سے رقم رکھی جائے تاکہ کسانوں کو تربیت، سرٹیفکیشن اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کی جا سکے۔ ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لئے نہ صرف مختلف ممالک کے رجحانات بلکہ عالمی منڈیوں کے جائزہ کی بھی ضرورت ہے ۔
اس حوالہ سے حکومت ایک جامع حکمت عملی کے تحت برآمدی شعبوں خصوصاً آرگینک خوراک اور مصنوعات کے حوالے سے ڈیٹا اینالیسز کے لیے باقاعدہ فنڈز مختص کرے۔عالمی سطح پر آرگینک مصنوعات کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے تاہم پاکستان اس شعبے میں اپنی مکمل صلاحیت استعمال نہیں کر پا رہا،اگر آرگینک سیکٹر کو موثر انداز میں ترقی دی جائے تو یہ نہ صرف برآمدات میں اضافہ کرے گا بلکہ مقامی سطح پر صحت بخش خوراک کی فراہمی بھی ممکن بنائے گا۔
نجم مزاری نے کہا کہ زرعی ادویات اور کھادوں کے استعمال کے حوالے سے متوازن پالیسی سازی کی ضرورت ہے ۔زرعی ادویات اور کھادوں کا فصلوں پر غیر منظم استعمال نہ صرف انسانی صحت بلکہ برآمدی معیار پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی اس ضمن میں واضح قوانین متعارف کروائے جائیں زرعی ادویات اور کھادوں کے استعمال کو باضابطہ قانون سازی کے ذریعے ریگولیٹ کیا جائے تاکہ بین الاقوامی معیار پر پورا اترتے ہوئے برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے۔