لاہور۔21اپریل (اے پی پی):گلگت بلتستان کے عام انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے استحکام پاکستان پارٹی کا اہم اجلاس مرکزی صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ جس میں سینئر پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ استحکام پاکستان پارٹی گلگت بلتستان کے 7 جون کو ہونے والے عام انتخابات میں ہر نشست پر امیدوار کھڑا کرے گی،اجلاس میں استحکام پاکستان پارٹی کے پارلیمانی بورڈکی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیا جو چنائو میں حتمی فیصلہ کرے گا۔استحکام پاکستان پارٹی کے اجلاس میں گلگت بلتستان کے انتخابات کے لئے دیگر سیاسی جماعتوں کے ممکنہ امیدواروں اور ان کے سیاسی لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود، صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان، صدر لاہور ڈویژن ملک زمان نصیب اور میاں تیمور خالد بھی موجود تھے۔ رہنمائوں نے گلگت بلتستان میں پارٹی امیدواروں کے مقامی اثر و رسوخ اور سیاسی حیثیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ استحکام پاکستان پارٹی گلگت بلتستان کے انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔