لاہور۔13اپریل (اے پی پی):لاہورسنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے پیر کو ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے مختلف درخواستوں پر فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے مرحوم انسپکٹر غلام ابن علی کی بیوہ کی جانب سے بیٹے کی بھرتی کی درخواست ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح مرحوم کانسٹیبل مجاہد عباس کے بیٹے کی بھرتی کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔ہیڈ کانسٹیبل محمد عرفان کی ٹرانسفر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں جبکہ 8 سینئر ٹریفک وارڈنز کی پروموشن کی درخواست پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ شہید کانسٹیبل تنویر عباس کے بھائی کی شہید کوٹہ کے تحت بھرتی کی درخواست ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو زیر غور لانے کی ہدایت کی گئی جبکہ سابق سب انسپکٹر وقار احمد کی والدہ کی جانب سے نوکری بحالی کی درخواست پر آر پی او گوجرانوالہ کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔