آئی جی پنجاب عبدالکریم سے ریٹائرڈ ڈی ایس پی آصف رشید کی بیٹی ڈاکٹر عائشہ آصف کے ہمراہ ملاقات،سی ایس ایس میں کامیابی پر خراج تحسین

آئی جی پنجاب عبدالکریم سے ریٹائرڈ ڈی ایس پی آصف رشید کی بیٹی ڈاکٹر عائشہ آصف کے ہمراہ ملاقات،سی ایس ایس میں کامیابی پر خراج تحسین

لاہور۔12مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل عبدالکریم سے ریٹائرڈ ڈی ایس پی آصف رشید نے اپنی بیٹی ڈاکٹر عائشہ آصف کے ہمراہ لاہورسنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عائشہ آصف کی سی ایس ایس امتحان میں نمایاں کامیابی اور پاکستان بھر میں 38ویں پوزیشن حاصل کرنے پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈاکٹر عائشہ آصف کو پولیس سروس آف پاکستان میں تقرری دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈاکٹر عائشہ آصف کی اعلی مقابلے کے امتحان میں شاندار کامیابی کو نہ صرف ان کی ذاتی محنت بلکہ ان کے والدین کی بہترین تربیت اور رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے ریٹائرڈ ڈی ایس پی آصف رشید اور ان کی اہلیہ کو بیٹی کو اعلی تعلیم دلوانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی۔آئی جی پنجاب نے ڈاکٹر عائشہ آصف کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اختیارات اور صلاحیتوں کو ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خدمت کیلئے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران کی کامیابیاں پنجاب پولیس کیلئے باعث فخر ہیں اور خواتین کی اعلی سرکاری شعبوں میں نمائندگی خوش آئند امر ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر عائشہ آصف نے اپنی کامیابی کو اپنے والدین کے نام کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ اہلخانہ کی بھرپور سپورٹ حاصل رہی جس کی بدولت وہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈاکٹر عائشہ آصف نے قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ملاقات کے دوران ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ فواد الدین ریاض اور اے آئی جی پروکیورمنٹ رضوان عمر گوندل بھی موجود تھے۔