آئی جی اسلام آباد کا باضابطہ طور پر پیپر لیس لائسنسنگ سسٹم کا آغاز

آئی جی اسلام آباد کا باضابطہ طور پر پیپر لیس لائسنسنگ سسٹم کا آغاز

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے باضابطہ طور پر پیپر لیس لائسنسنگ سسٹم کا آغاز کیاجو اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کی خدمات کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔آئی ٹی پی کے ایک اہلکار نے اتوار کو بتایا کہ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک اور دیگر ٹریفک افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی پی نے نئے قائم کئے گئے پیپر لیس کاؤنٹرز کا جائزہ لیا اور سسٹم کے ہموار نفاذ کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔یہ اقدام شہریوں کی سہولت اور ان کا قیمتی وقت بچانے کے لیے اٹھایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے شہریوں کو لائسنسنگ کے عمل کے دوران میڈیکل فارم بھرنے، تصاویر منسلک کرنے اور متعدد دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت شہریوں کواب دستاویزات، فوٹو کاپی یا تصاویر لانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل جانچ سے لے کر ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء تک کا سارا عمل مکمل طور پر پیپر لیس بنا دیا گیا ہے۔

آئی جی پی نےپراجیکٹ کو کم وقت میں مکمل کرنے پر سی ٹی او محمد سرفراز ورک اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لائسنسنگ فیس کے نظام کو بھی جلدڈیجیٹلائز کر دیا جائے گا۔ اہلکار نے کہا کہ شہریوں کو اب اسلام آباد ٹریفک پولیس سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے صرف اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ لانا ہوگا۔