وزیراعظم شہباز شریف نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو ان کی 74 ویں برسی پر زبر دست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائدِاعظم نے مسلمانانِ برصغیر کے حقوق کی جنگ میں انتھک جدوجہد کی، پوری قوم دور اندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں پر قائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کے لیے آزاد ریاست کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہو پاتا
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آج قوم کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے بابائے قوم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا، معاشی مشکلات میں گھرے وطنِ عزیز کو سیلاب کی قدرتی آفت کا سامنا ہے، آج ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔