اسلام آباد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں، نئے وزیر اعظم کی حلف برداری کیلئے ایوانِ صدر میں بھی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
کل صبح 11 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔ اب تک شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے کاغذات جمع کرائے گئے ہیں۔ غالب امکان ہے کہ کل شہباز
شریف وزارت عظمیٰ کیلئے مطلوبہ اکثریت حاصل کرلیں گے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ایوانِ صدر میں نئے وزیر اعظم کی تقریبِ حلف برداری کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ افطاری کے بعد رات کو آٹھ بجے صدرِ مملکت عارف علوی نئے وزیر اعظم سے حلف لیں گے۔ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈپلومیٹک کور اور اپوزیشن رہنما شریک ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔
شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کیلئے اپوزیشن قیادت سے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا ہے، پیپلز پارٹی سے مشاورت کل کی جائے گی۔ یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنایا جائے گا، اگر وہ کامیاب ہوگئے تو اس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی مسلم لیگ ن سے ہوگا۔ ن لیگ، جے یو آئی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت دیگر اتحادی جماعتوں سے وفاقی کابینہ کا انتخاب کیا جائے گا۔