پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ انشااللہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ آزادی چوک اسلام آباد میں اتوار 27 مارچ کو ہوگا اور وزیراعظم عمران خان اس سے تاریخی خطاب کرینگے۔
#DChowkOnMarch27 https://t.co/7kpG9GWqeD
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) March 14, 2022
فیصل جاوید نے مزید لکھا ہے کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں بھرپور ناکامی ہوگی اور وزیراعظم عمران خان پر اعتماد پلس ہوجائیگا۔
اس سے پہلے کی گئی ایک ٹوئٹ میں حکومتی سینیٹر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن عدم اعتماد والے دن ایسی شکست سے دوچار ہوگی کہ پھر اٹھ نہیں سکے گی، وزیراعظم عمران خان اپنی کارکردگی کارڈ کی بنیاد پر انشااللہ 20233 میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت میں آئیں گے۔
واضح رہے کہ ایک جانب حکومتی جماعت تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کیلیے کوشاں ہیں لیکن دوسری جانب وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کرانے کے بعد اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد کے بعد کیا کریں گی اس پر اب تک کوئی واضح موقف سامنے نہیں آسکا ہے۔
شہباز شریف اسمبلی مدت پوری کرنے، اور نواز شریف فوری انتخابات کے حامی ہیں، جب کہ مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی بھی موجودہ اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے کے حامی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی ڈیڑھ سال کے لیے پنجاب کی وزارت اعلیٰ سنبھالنا چاہتے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا مسلم لیگ (ق) چند ماہ کے لیے پنجاب کی وزارت اعلیٰ قبول کرے گی؟