تحریک عدم اعتماد سے پہلے اپوزیشن کا وزیراعظم عمران خان کو بڑا سرپرائز، بڑی حکومتی اتحادی ایم کیو ایم نے بھی حکومت کا ساتھ چھوڑ دیا ۔
ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نے قومی اسمبلی میں اکثریت کھودی ہے، حکومت کے قومی اسمبلی میں نمبر 164 رہ گئے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے نمبر 177 تک پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق منحرف حکومتی ارکان کے بغیر ہی متحدہ اپوزیشن کو قومی اسمبلی میں اکثریت مل گئی ہے۔
اپوزیشن ذرائع کے مطابق ایم کیوایم تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دے گی جبکہ دونوں کے درمیان معاہدےکے ڈرافٹ کی تیاری جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈرافٹ پر ایم کیوایم پاکستان اور متحدہ اپوزیشن کے رہنما دستخط کریں گے جس کے بعد دونوں وفود پریس کانفرنس کریں گے، واضح رہے کہ اس حوالے سے ابھی تک اپوزیشن اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی جانب سے باضابطہ تصدیق ہونا باقی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن وفد اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماوں کی مشترکہ پریس کانفرنس کچھ دیر میں متوقع ہے۔