استنبول: ٹک ٹاک اسیکنڈل اور پاکستانی اغوا کاروں کا گینگ پکڑے جانے کے بعد پاکستانیوں پر ویزا اور رہائشی پرمٹ جاری کرنے پر پابندی کی خبروں پر ترکی میں قائم پاکستان سفارت خانہ کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
ترکی میں میڈیا اور بعض حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل کے بعد پاکستانیوں کیلئے ویزا پالیسی سخت کرنے اور رہائشی پرمٹ پر پابندی کی افواہیں گردش کرنے لگیں، تاہم اس حوالے سے پاکستانی سفارتخانے نے تردید کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے ترک خواتین کی بلااجازت ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر ڈالنے اور پھر اغوا کار گروپ پکڑے جانے پر ترکی میں پاکستانی کمیونٹی ان دنوں شرمندگی سے دوچار ہے، ان واقعات کے بعد بعض ترک حلقوں کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے ویزہ پالیسی سخت کرنے اور رہائشی پرمٹ پر پابندی کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔
اس حوالے سے خبریں بھی گردس کررہی تھی کہ ترک حکومت نے پاکستانیوں کو عارضی رہائشی پرمٹ جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے، تاہم پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ان خبروں کی تردید کی گئی ہے۔
سفارت خانہ کا کہنا ہے کہ ترکی نے ویزا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی، اور نہ ہی پاکستانیوں کیلئے رہائشی پرمٹ بند کئے گئے ہیں۔