سوات: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں سیلاب کی وجہ سے سڑکیں بند ہیں جس کے باعث وادی کالام میں سینکڑوں سیاح پھنس گئے ہیں، سیاحوں کو نکالنے کے لیے ہیلی سروس شروع کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کالام میں اس وقت موجود سیاحوں کی تعداد 1500 ہے جو مختلف ہوٹلوں میں رہائش پذیر ہیں، ہوٹل مالکان پھنسے ہوئے سیاحوں کو مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو نکالنے کے لیے آج ہیلی سروس شروع کی جارہی ہے، مقامی لوگوں کے لیے امدادی سامان بھی پہنچایا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ 2 روز سے وادی سوات میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے، متعدد ہوٹل سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ این 95 اور این 90 پر بحرین سے کالام سیکشن تک صورت حال تشویشناک ہے، سیلاب نے بحرین پل کے ساتھ ساتھ اپروچ روڈ کو بھی متاثر کیا ہے۔