اسلام آباد: وزرات عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کی ٹیم کل حلف اٹھانے جارہی ہے، تاہم صدر مملکت عارف علوی وفاقی وزرا سے حلف نہیں لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب کل گیارہ بجے ایوان صدر میں ہوگی تاہم حلف صدر کے بجائے چیئرمین سینیٹ لیں گے۔
ن لیگ،پیپلزپارٹی، جےیوآئی اور ایم کیوایم کےوزراحلف اٹھائیں گے اس کے علاوہ دیگراتحادی جماعتوں سےتعلق رکھنےوالےوزرا بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، تقریب حلف برداری کے بعد وفاقی وزرا کے محکموں کا نوٹی فیکیشن جاری کیا جائے گا۔
رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کے مطابق نئی وفاقی کابینہ 36 رکنی ہوگی جس میں پیپلزپارٹی کے 11، ن لیگ کے 14 اور جے یو آئی کے 4 وزرا حلف اٹھائیں گے اور 7 وزارتیں دیگر اتحادی جماعتوں کو دی جائیں گی۔
اس سے قبل قومی وطن پارٹی نے وفاقی کابینہ کی تشکیل میں تاخیرپرتشویش کااظہارکیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ قومی وطن پارٹی کا وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، پی ڈی ایم کے آئندہ کے لائحہ عمل کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔