بنی گالا منی گالا بناہوا تھا، ٹیکس پیئرز کا سارا پیسا وہیں گيا، مریم نواز

بنی گالا منی گالا بناہوا تھا، ٹیکس پیئرز کا سارا پیسا وہیں گيا، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز  نے الزام لگایا ہےکہ  بنی گالا منی گالا بناہوا  تھا، ٹیکس پیئرز کا سارا پیسا وہیں گيا، فرح گوگی اور پیرنی صاحبہ سے حساب ہونا چاہیےکہ انگوٹھیاں لےکر کام کیوں ہو تے رہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو حکومت جانے کا چار ماہ پہلے پتا چل گیا تھا، پھر بھی سازش کا ڈراما رچا کر ملک کو فتنہ و فساد میں جھونکنے کی کوشش کی، شیخ رشید کے بیان پر آنکھیں کھل جانی چاہئیں، ان کے پارٹی لیڈر کہہ رہے ہیں یہ پاگل آدمی ہے، پھر کیوں اسے ملک میں فتنہ و فسادکی اجازت دی ہوئی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پہلے میں سمجھتی تھی کہ نیا مینڈیٹ لیا جائے اور  نئے الیکشن کرائے جائیں، لیکن جب عمران خان جتھا لیے اسلام آباد آئے تو فیصلہ کیا کہ الیکشن وقت پر ہی کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں نواز شریف کو لوڈشیڈنگ والا پاکستان ملا تھا،  نوازشریف نے عمران خان کو زیرو لوڈشیڈنگ والا پاکستان دیا، عمران خان چار سال کہتے رہے نواز شریف اضافی بجلی بنا گئے، میں پوچھتی ہوں کہاں ہے اضافی بجلی؟  عمران خان حکومت اتنی نااہل تھی کہ بنے بنائےکارخانے نہیں چلاسکی،  عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے بند پلانٹ ہم چلا رہے ہیں، جون جولائی کے مہینے میں 5 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی آجائے گی، لوڈشیڈنگ میں بتدریج کمی آئےگی۔

انہوں نےکہا کہ ہم عمران خان کی نالائقیوں کا رونا نہیں روئیں گے،کام کرکے دکھائیں گے، ہم روٹھے ہوئے دوست ممالک کو منانےکی کوشش کررہے ہیں، خراب معاشی حالت کے باوجود  شہباز شریف ریلیف دینےکی کوشش کر رہے ہیں، وزیراعظم نے عوام کو سبسڈی دی ہے تاکہ عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے ۔