راولپنڈی: فارمیشنز کمانڈر کانفرنس کے شرکا کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہمیشہ ریاستی اداروں کے لیے کھڑی ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت فارمیشنز کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں تمام کور کمانڈرز، اسٹاف آفیسرز اور فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شرکا کو پیشہ ورانہ امور، نیشنل سیکیورٹی چیلنجزسے آگاہ کیا گیا، روایتی اورغیرروایتی خطرات سے نمٹنے کے اقدامات پربھی غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشنزکی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا، کور کمانڈرز کا افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شرکا کا پاک فوج کیخلاف پروپیگنڈا مہم کا سخت نوٹس لیا گیا ہے، بعض عناصر گمراہ کن مہم کے ذریعے ادارے اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کررہے ہیں قومی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے۔
شرکا کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہمیشہ ریاستی اداروں کے لیے کھڑی ہوئی ہے، پاک فوج ہمیشہ بلا امتیاز ریاستی اداروں کا تحفظ کرتی رہے گی، فورم کے شرکا کا عسکری قیادت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔