اسلام آباد: آتشزدگی کی تحقیقات مکمل ہونے تک شاپنگ مال سیل کردیا گیا

اسلام آباد: آتشزدگی کی تحقیقات مکمل ہونے تک شاپنگ مال سیل کردیا گیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع نجی مال میں آگ لگ گئی جس پر دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا۔

ترجمان سی ڈی اے کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے تک شاپنگ مال کو سیل کردیا گیا ہے۔

خیال رہےکہ شام  سیکٹر ایف ایٹ میں واقع نجی مال میں آگ لگ گئی تھی جس پر 2 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا تھا،فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا، فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مال کے چوتھے فلور پر واقع فوڈ کورٹ کے کچن میں آگ لگی جو مال کے دیگر حصوں تک پھیل گئی، شاپنگ مال کی اونچائی کے باعث فائربریگیڈ کو آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا  رہا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ مال میں آگ لگنےکی وجوہات کی تحقیقات تک عمارت سیل رہےگی اور کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونےکی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے نجی مال کو فوری سیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے اور آتشزدگی کی وجوہات کے تعین کے لیے 7 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کمیٹی کےکنوینر مقرر کیےگئے ہیں،کمیٹی تعین کرے گی کہ عمارت میں فائر سیفٹی آلات آپریشنل تھے یا نہیں، کمیٹی آتشزدگی کے باعث نقصانات کا بھی تعین کرےگی۔