ایک پائی بھی غیر مستحق کو نہیں ملے گی، امداد حقدار تک پہنچائیں گے، وزیراعظم

ایک پائی بھی غیر مستحق کو نہیں ملے گی، امداد حقدار تک پہنچائیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایک پائی بھی کسی غیر مستحق تک نہیں پہنچنے دیں گے، یقین دلاتا ہوں کہ امداد صرف حقدار تک پہنچائی جائے گی۔

غذر میں سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے خدمت پر یقین رکھتے ہیں، 25 ہزار روپے ریلیف کیش فوری طور پر ہر متاثرین کو دیا جا رہا ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے صوبائی حکومتوں سے مل کر کام کریں گے، یہ سیاست کا نہیں خدمت کا وقت ہے۔

وزیراعظم نے کہا: ’غذر میں بڑے پیمانے پر سیلاب نے تباہی مچائی ہے، سیلاب سے ایک ہزار سے زائد افراد اللہ کو پیارے ہوگئے، سیلاب نے جو تباہی پھیلائی ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، سیلاب کے باعث ہزاروں افراد زخمی ہوئے، پاکستان پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار تھا، سیلاب کی صورت میں ایک اور امتحان ہمارے سامنے ہے، پنجاب کے جنوبی اضلاع سیلاب سے شدید متاثر ہوئے، گلگت بلتستان میں بھی صورتِ حال تشویشناک ہے‘۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے دے رہی ہے، سیلاب سے خیبر پختون خوا، بلوچستان اور سندھ بھی متاثر ہوا، 17 جاں بحق افراد کے لواحقین کو 24 گھنٹے میں معاوضہ ادا کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک سیلاب متاثرین کے لیے امداد کے لیے بھرپور تعاون کر رہے ہیں، ترکیہ کے صدر کی ہدایت پر آج ایک وفد نے مجھ سے ملاقات کی، تمام تروسائل سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے خرچ کر رہے ہیں، برادر اور دوست ممالک سے ہر طرح کی امداد مل رہی ہے۔